مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کی قومی اسمبلی میں اسپیکر کے عہدے کے لیے ہونے والے انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ نون کے امیدوار ایاز صادق نے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار شفقت محمود کو 31 کے مقابلے میں 268 ووٹوں سے ہرا کر کامیابی حاصل کر لی ہے۔ قائم مقام اسپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی کی صدرات میں جاری اجلاس میں خفیہ رائے شماری کے تحت انتخاب ہوا۔ ایوان میں تحریک انصاف کے لیے علاوہ حزب اختلاف کی تقریباً تمام سیاسی جماعتوں نے ایاز صادق کی حمایت کا اعلان کیا۔ ایاز صادق نے قومی اسمبلی کے 20ویں اسپیکر کی حیثیت سے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔
ایاز صادق نے منصب سنبھالنے کے بعد اسمبلی سے خطاب میں پیپلز پارٹی پارلیمنٹیریئن، ایم کیو ایم، جماعت اسلامی، پختونخواہ ملی عوامی پارٹی، مسلم لیگ ق، اور جمعیت علماء اسلام سمیت فاٹا کے ارکان اور دیگر سیاسی جماعتوں کا شکریہ ادا کیا جنھوں نے ان پر اعتماد کا اظہار کیا۔ انھوں نے کہا کہ وہ جمہوریت کے استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایوان کی کارروائی کو تمام ارکان کی مشاورت سے چلایا جائے گا۔
آپ کا تبصرہ